Jo Tanha kar Gai mujh ko جو تنہا کر گئی مجھ کو by Sohail Parwaz

Jo Tanha kar Gai mujh ko جو تنہا کر گئی مجھ کو by Sohail Parwaz

 

کتاب: جو تنہا کر گئی مجھ کو

مصنف:-سہیل پرواز صاحب 

پبلیشر: سنگِ میل پبلی کیشنز  

قیمت و صفحات:- 500 روپے، 160 صفحات  

تبصرہ نگار:- محمد عمران اسحاق  


گزشتہ دنوں لاہور کے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والے بک فیئر کا ماحول انتہائی دلفریب تھا۔ کتابوں کے شیدائیوں کے لیے یہ جنت سے کم نہ تھا۔ ہر طرف کتابوں کے سٹالز، ادبی گفتگو، اور کتابوں کی خوشبو سے مہکتا ہوا پرسکون ماحول تھا۔ یہاں میری اپنے کچھ فیس بُک کے ادبی دوستوں سے ملاقات ہوئی، جن میں سے ایک ملاقات بہترین تبصرہ نگار محترمہ اقصیٰ احمد سے بھی ہوئی۔ انہوں نے مجھے سہیل پرواز صاحب کی کتاب "جو تنہا کر گئی مجھ کو" پڑھنے کی تجویز دی۔ ان کے مشورے پر میں نے بقیہ کتابوں کے ساتھ یہ کتاب بھی خرید لی۔


بک فیئر کا خمار اتر رہا ہے تو کتابوں کو پڑھنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ سب سے پہلے جس کتاب سے ابتدا کی، وہ سہیل پرواز صاحب کی آپ بیتی، خاندان بیتی، یا خود نوشت ہے، جس میں انہوں نے اپنی زوجہ محترمہ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔  

Jo Tanha kar Gai mujh ko جو تنہا کر گئی مجھ کو by Sohail Parwaz


"جو تنہا کر گئی مجھ کو" سنگ میل پبلشرز کی جانب سے شائع ہوئی ہے، جس کے کل 160 صفحات ہیں۔ کتاب کی بائنڈنگ مضبوط اور کور ڈیزائن انتہائی پرکشش ہے، جو قاری کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔ سہیل پرواز صاحب، جو ایک ریٹائرڈ آرمی آفیسر ہیں، نے اپنی ازدواجی زندگی کے تجربات کو انتہائی خوبصورت انداز میں قلمبند کیا ہے۔ انہوں نے اپنی محبت کی کہانی، ازدواجی زندگی، اور اپنی بیوی کی بے مثال قربانیوں کو اس کتاب میں دلچسپ اور خوبصورت انداز میں بیان کیا ہے۔ یہ الفاظ قاری کے ذہن میں ایسے اترتے ہیں جیسے پھولوں کی خوشبو باغ میں پھیلتی ہے اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو معطر کر دیتی ہے۔  

Jo Tanha kar Gai mujh ko جو تنہا کر گئی مجھ کو by Sohail Parwaz


کتاب کی کہانی سہیل پرواز صاحب کی ایک ان دیکھی لڑکی محترمہ رخسانہ سے محبت کے ساتھ شروع ہوتی ہے، جو رشتے میں ان کے ماموں کی بیٹی ہے۔ ان کی نانی کی گپ شپ سے یہ محبت جنم لیتی ہے، جو رخسانہ کا نام سن کر ہی پرواز صاحب کے دل میں اتر جاتی ہے۔ یہ محبت کا سفر ان کی شادی تک پہنچتا ہے، جہاں رخسانہ ایک مثالی بیوی، بہو، اور ماں کے روپ میں سامنے آتی ہیں۔ ان کی ازدواجی زندگی کے 39 سالہ سفر میں محبت، قربانی، اور وفا کے بے شمار پہلو نمایاں ہیں۔  


کتاب میں محبت کا جو انداز بیان کیا گیا ہے، وہ انتہائی دلکش اور حقیقی ہے۔ سہیل پرواز صاحب نے اپنی بیوی کی وفا اور قربانیوں کو انتہائی احترام اور محبت کے ساتھ پیش کیا ہے۔  




موجودہ دور میں جہاں ازدواجی تعلقات میں دراڑیں پڑ رہی ہیں، یہ کتاب نوجوانوں اور شادی شدہ جوڑوں کے لیے ایک رہنما ہے۔ اس میں میاں بیوی کے درمیان محبت، احترام، اور قربانی کے جذبات کو اجاگر کیا گیا ہے۔  


کتاب میں خاندانی اقدار اور اولاد کی تربیت کے حوالے سے بھی قیمتی سبق دیے گئے ہیں۔ سہیل پرواز صاحب نے اپنے بچوں کی تربیت کے دوران جو تجربات حاصل کیے، وہ ہر والدین کے لیے مشعل راہ ہیں۔  

Jo Tanha kar Gai mujh ko جو تنہا کر گئی مجھ کو by Sohail Parwaz


کتاب میں آرمی کی ٹریننگ اور زندگی کے مختلف واقعات کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے، جو قاری کو مسکرانے پر مجبور کر دیتا ہے۔  


کتاب کس ہر باب ایک سے بڑھ کر ایک ہے مگر اس کا آخری باب انتہائی رقت انگیز اور افسردہ کر دینے والا ہے، جہاں سہیل پرواز صاحب کی بیوی کی وفات کا واقعہ بیان کیا گیا ہے۔ یہ حصہ پڑھتے ہوئے قاری پر ایک عجیب سی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ سچ بتاؤں تو پڑھتے ہوئے میری آنکھیں بھی نم ہو رہی تھی اور مُجھے احساس اس وقت ہوا جب آنکھیں دھندلا سی گئی تھیں ۔


سہیل پرواز صاحب نے اپنی زندگی کے تجربات کو انتہائی سادہ اور پر اثر انداز میں پیش کیا ہے۔ ان کی تحریر میں سچائی اور جذبات کی گہرائی صاف محسوس ہوتی ہے۔ اس کتاب کا ہر باب قاری کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے اور آخر تک پڑھنے پر مجبور کرتا ہے۔  


یہ کتاب پڑھتے ہوئے مجھے خوشی بھی ہوئی اور غم بھی۔ خوشی اس بات پر کہ اتنے خوبصورت رشتے اور محبت بھری زندگی کا وجود ہے، اور غم اس بات پر کہ ایسا رشتہ آخرکار جدائی پر منتج ہو گیا۔ سہیل پرواز صاحب کی بیوی کی بیماریوں میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنے گھر، بچوں، اور خاوند کی دیکھ بھال اور فکر کے بارے میں پڑھ کر ان پر رشک آنے لگتا ہے۔  


"جو تنہا کر گئی مجھ کو" صرف ایک کتاب نہیں، بلکہ زندگی کے انمول سبق کا خزانہ ہے۔ یہ کتاب نوجوان نسل اور شادی شدہ جوڑوں کے لیے انتہائی مفید ہے، جو ازدواجی زندگی کے حقیقی معنی سمجھنا چاہتے ہیں۔ سہیل پرواز صاحب کو ان کی اس شاندار تحریر پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اور امید کرتا ہوں کہ یہ کتاب ہر گھر کی لائبریری کا حصہ بنے گی۔  


اگر آپ حقیقی محبت، قربانی، اور ازدواجی زندگی کے گہرے تجربات سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں، تو اس کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔ یہ کتاب آپ کے دل کو چھو جائے گی اور آپ کو زندگی کے حقیقی معنی سمجھائے گی۔  


یہ کتاب نہ صرف دلچسپ ہے، بلکہ زندگی کے اہم سبق بھی سکھاتی ہے۔ اسے پڑھ کر آپ محبت، وفا، اور قربانی کے حقیقی معنی سمجھ سکیں گے۔  


مجھے افسوس ہے کہ میں سہیل پرواز صاحب سے چند دن پہلے منعقد ہونے والے بک فیئر ایکسپو سینٹر لاہور میں ملاقات نہ کر سکا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ میں بک فیئر کے دوسرے دن ایکسپو سینٹر پہنچا تھا، اور سہیل پرواز صاحب پہلے دن ہی آکر چلے گئے تھے۔ زندگی نے ساتھ دیا تو ان شاءاللہ ان سے ضرور ملاقات ہوگی، اور اس طرح کا شاندار خراجِ عقیدت پیش کرنے پر ان کے ہاتھوں کو بوسہ دوں گا۔ 😊  

Jo Tanha kar Gai mujh ko جو تنہا کر گئی مجھ کو by Sohail Parwaz


اپنی زندگی میں آنے والی خاتون کے لیے محبت، احترام، اور شفقت کس طرح پیدا کرنی ہے، انہوں نے یہ کتاب لکھ کر خوب سمجھا دیا ہے۔ سہیل پرواز صاحب کی صحت و تندرستی کے لیے ڈھیروں دعائیں۔  

اللّٰہ پاک رخسانہ آپا کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین۔ 🤲

Post a Comment

0 Comments